• جنوری 20, 2025

رشّی جی کی جے ہو

آج تک سوچتا ہوں کس بات نے مجھے اس دور دراز علاقے میں پوسٹنگ قبول کرنے پر مائل یا مجبور کیا؟ شاید مہم جوئی کی عادت اور چیلنج قبول کرنے کا شوق یا پھر سیدھی سادھی پہلی سرکاری نوکری کی مجبوری۔ بہرحال وجہ کچھ بھی ہو راجستھان کے شہر ناگپور سے جودھپور اور پھر وہاں سے ہوتے ہوئے جیسلمیر سے آگے آٹھ گھنٹے کی کچے پکے اور دھول سے اٹے راستوں کی مسافت نے مجھے پہلے دن ہی تھکا دیا۔ محکمہ ڈاک کے اسسٹنٹ پوسٹ ماسٹر کی حیثیت سے میرا کام کئی دہائیوں سے بند ڈاکخانہ کھول کر ڈاکخانے کو چالو کرنا تھا۔ اکثر محکموں کے پاس جب فاضل بجٹ بچ جاتا ہے تو اسے خرچ کرنے کیلئیے اس طرح کے عوامی بھلائی کے منصوبے شروع کئیے جاتے ہیں جنکی درحقیقت قطعاً کوئی ضروت نہیں ہوتی۔ مقصد صرف یہ ہوتا ہے کہ پیسہ وفاق کو واپس نہ کرنا پڑے۔ ایسے ہی چند برس قبل ریلوے والوں نے لائن کے ساتھ ایسی انتہائی کلرزدہ زمین میں درخت لگوانے کا فریضہ بھی انجام دیا تھا جس میں نمکیات کی وجہ سے گھاس تک نہیں اگ سکتی تھی ۔ منصوبے کی زور شور سے اخبارات میں پبلسٹی کی گئی تھی۔

واضح کر دوں اسسٹینٹ پوسٹ ماسٹر کا عہدہ شاید میرے ایم اے ہسٹری اور ایم اے جغرافیہ کو مدنظر رکھ کر ہی دیا گیا تھا ورنہ اپنے دس ضرب بارہ فٹ کے ڈاکخانے کا کلرک، ڈاکیا، مہتر یہاں تک کے چائے والا بھی میں خود ہی تھا۔

جس دن میں گاؤں پہنچا اس سے ایک دن پہلے گاؤں کی کوئی محترم بزرگ شخصیت انتقال کر گئی تھی اس لئیے گاؤں کی فضا خاصی سوگوار تھی جسکا مظاہرہ انکے سرپنچ کےسرد مہر استقبال سے بھی ہوا۔ جلد ہی مجھے اندازہ ہوگیا کہ گاؤں کی آبادی کل دو اڑھائی سو نفوس اور سو ڈیڑھ سو گھروں پر مشتمل ہے جن میں زیادہ تعداد گارے اور سرکنڈے سے بنی جھونپڑیوں کی ہے۔ تعلیم جیسے تکلفات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا کیونکہ قریباً تمام کی تمام آبادی ایک مقامی جاگیردار اور سیاسی شخصییت کی ریتلی زمینوں پر کام کرتی تھی جنکا ذکر نہایت ادب سے وڈیرہ سائیں کہہ کر کیا جاتا تھا۔ پاکستان کے صوبہ سندھ سے ملحقہ ہونے کی باعث سندھی ثقافت اور لہجے کے اثرات نمایاں تھے۔ وڈیرہ سائیں خود تو شہر میں رہتے تھے مگر انکے ہرکارے گاہے بگاہے جیپوں میں بندوقوں سے لیس آتے اور دھمکاتے رہتے تھے۔ گاؤں کے مکینوں نے خود ہی اسی سالہ پربھو دھیرو کو اتفاقِ رائے سے سرپنچ تسلیم کر لیا تھا اور زیادہ تر معاملات میں پربھو دھیرو کی رائے حتمی تصور کی جاتی تھی۔ پربھو کی دیگر ذمہ داریوں میں وڈیرہ سائیں کے منشی سے معاملات طے کرنا اور مکینوں کی چھوٹی موٹی ضروریات کا زکر کرنا تھا جو کہ زیادہ تر صحت سے متعلقہ ہی ہوتیں۔ جس دن منشی خوش ہوتا اس دن پربھو کو انعام کے طور پر اسپرین اور پیراسیٹامول کی چند گولیاں دے دیتا جسے پربھو اپنی بڑی کامیابی تصور کرتا اور بوقتِ انتہائی ضرورت گاؤں کے مکینوں کو نہایت احسان کر کے دیتا۔

گاؤں کے زیادہ تر مکینوں کی حالت نہایت کم خوراکی اور ضروری غذائیت سے محرومی اور استحصال  کی مظہر تھی۔ گاؤں کے مرد سخت گرمی میں بارہ سے چودہ گھنٹے راجستھان کی ریتلی زمین کے کھیتوں میں کام کرتے اور اسے قابلِ کاشت بنانے کی کوشش کرتے، پانی ڈھونڈتے اور کھلیان تک ڈھوتے۔ عورتوں کو بہرحال سہولت حاصل تھی کہ صرف دس گھنٹے کام کر کے جا سکتی تھیں کیونکہ اسکے بعد انہیں کھانا پکانا گھر داری صفائی ستھرائی اور جانوروں کیلئیے چارہ وغیرہ تیار کرنا ہوتا تھا

مجھے خصوصی مہمان کا درجہ دیا گیا اور سرپنچ نے اپنے گھر میں جگہ دی اور اپنی ایک چارپائی میرے لئے خالی کر دی۔ گھر کی خواتین گھونگھٹ نکال کر پردہ کرتیں مگر اسکے باوجود میں انکے ادھ کھلے چہروں اور رویوں میں بزرگ کے انتقال کی شدت غم محسوس کئیے بغیر نہ رہ سکا۔ اگلے دن گاؤں کا جائزہ لینے نکلا تو گلی کوچوں میں بھی وہی افسردگی کا عالم۔ ایک اور چیز جو میرے مشاہدے میں آئی گلی محلوں میں کھیلتے بچوں کے نقوش مجھے ایک سے لگے۔ میں اپنے خیال پر خود ہی مسکرا دیا۔

دوپہر کے کھانے پر بکری کے دودھ کی چھاچھ پیتے ہوئے جب میں سرپنچ پربھو دھیرو سے پوچھے بنا نہ رہ سکا تو پربھو نے بتایا کہ اس گاؤں کو دیوی نے شراپ دے دیا اور ہماری ُلگائیوں کو بانجھ کر دیا تھا یہاں کسی کے ہاں اولاد نہ ہوتی برس ہا برس گزر جاتے اور ہم اسی فکر میں گھلتے رہتے کہ ہمارے بعد کیا ہماری نسل مٹ جائے گی، ہماری شادیاں ٹوٹنے لگیں اور ہمارے گھر برباد ہونے لگے۔ پھر ایک دن بھگوان نےکرپا کی اور چھ سات برس قبل رشی جی گاؤں میں پدھارے انہوں نے تپسیا کی اور گاؤں کی مہیلاؤں پر ایسا جنتر کیا کہ دیوی جی نے ہمیں آشیر باد دےدیا اور ہماری نسل بڑھنے لگی یہ کہتے ہی پربھو دھیرو کھڑا ہوا اور فخر سے بولا ‘ٹھہرو میں تمھیں سورگی رشی جی کی فوٹو دکھاتا ہوں’ جو شاید اسنے منشی جی کی منت سماجت کر کے رشی جی کے مندر پر لگانے کے لئیے لی تھی۔ پربھو فریم لے کر آیا تو تصویر دیکھتے ہی میں چونکا ذہن میں گلی کے بچے آ گئے، میں نے کہا ‘پربھو! رشی کی شکل تو آپ کے پوتوں سے بہت ملتی ہے’ پربھو ماتھے پر ہاتھ مارکر بولا ‘ہائے ہائے یہی تو رشی جی کا چمتکار تھا جس پر کرپا کرتے اسکو اپنا چہرہ بھی دےدیتے۔ ۔ ہے بھگوان رشی جی کی جے ہو

Read Previous

وہ ایک لمحہ

Read Next

تبدیلی رضاکار

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Most Popular